Site icon The Upholder

ایڈووکیٹ عبد الرحیم جٹ نے مینڈھر میں پانی کے سنگین بحران پر آواز بلند کی، جَل شکتی وزیر جاوید احمد رانا سے فوری مداخلت کی اپیل

الطاف حسین

مینڈھر، 24 مئی 2025: ایڈووکیٹ عبد الرحیم جٹ نے مینڈھر کے عوام کو درپیش شدید پانی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ شدید گرمی کی لہر کے باعث علاقے کے رہائشی بدترین مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ پانی کی شدید قلت نے انسانی زندگی کے ساتھ ساتھ جانوروں کی بقاء کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ایڈووکیٹ عبد الرحیم جٹ نے کہا کہ کئی دیہات ایسے ہیں جہاں کئی دنوں سے پانی کی ایک بوند تک دستیاب نہیں، جس کے باعث لوگ پینے کے پانی کے لیے میلوں کا سفر طے کرنے پر مجبور ہیں۔ خواتین اور بچے بالٹیوں اور کنستروں کے ساتھ پانی کی تلاش میں دربدر پھرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی کمی کے باعث جانور پیاس سے مر رہے ہیں، اور کھیت کھلیان بھی سوکھنے لگے ہیں، جس سے زرعی پیداوار کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ایچ ای (PHE) محکمہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور عوام کو بنیادی سہولت فراہم کرنے میں مسلسل کوتاہی برت رہا ہے۔ انہوں نے جَل شکتی کے معزز وزیر جناب جاوید احمد رانا سے پُرزور اپیل کی کہ فوری طور پر 5 سے 10 واٹر ٹینکرز مینڈھر کے متاثرہ علاقوں میں روانہ کیے جائیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

ایڈووکیٹ جٹ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت مستقل بنیادوں پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کرے اور علاقے میں نئے واٹر سپلائی اسکیمز کو منظوری دے کر جلد عملدرآمد شروع کرے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں اور اپنے حق کے لیے اجتماعی آواز بلند کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے انتظامیہ سے بھی کہا کہ وہ عوامی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بحران کے حل کی جانب عملی اقدامات کرے

Exit mobile version